کراچی،8اپریل(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا) یونس خان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ان کاکہنا ہے کہ انہوں نے جتنی بھی کرکٹ کھیلی وہ پاکستان کیلئے کھلی اور ہمیشہ کوشش کی کہ پاکستان کی زیادہ سے زیادہ خدمت کرسکوں۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز آخری ہو گی اور کوشش کروں گا کہ اپنی کارکردگی سے جیت دلا سکوں۔تفصیلات کے مطابق یونس خان نے پریس کانفرنس میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کاباضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج میں جو کچھ بھی ہوں اپنی فیملی کی وجہ سے ہوں اور جتنی بھی کرکٹ کھیلی وہ پاکستان کیلئے کھیلی ہے اور ہمیشہ یہی کوشش کی ہے کہ پاکستان کی اتنی خدمت کروں جتنی ایک کھلاڑی کو کرنی چاہئے۔
ریٹائرمنٹ کے اعلان کا مطلب یہ نہیں کہ میں کہیں جا رہا ہوں، میں یہیں پراورآپ کے ساتھ ہوں اورآپ کے پاس ہی رہوں گا اورجب بھی مجھے آپ کی ضرورت پڑے گی توآپ میراساتھ دیں گے۔ان کاکہناتھاکہ بہت سے لوگوں کی فون کالز موصول ہو رہی تھیں اورپیغامات آ رہے تھے کہ آپ ریٹائرمنٹ سے متعلق اعلان مت کریں مگرہر کھلاڑی کی زندگی میں ایسا وقت آتا ہے کہ اسے یہ فیصلہ لینا پڑتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پابندی نہ لگتی تو 2 سال پہلے ہی ریٹائر ہو جاتا اوراب عمر کے اس حصے میں نہیں ہوں کہ اگلے 5 سے 6 سال کرکٹ کھیلتا رہوں،جارحانہ انداز کی وجہ سے جو غلطیاں ہوئی ہیں انہیں نظرانداز کر دیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمیشہ پاکستان کااچھا سفیر بننے کی کوشش کی اور پاکستان کوایک قدم آگے لے جانے کی کوشش کی۔ کسی کھلاڑی کے ہونے یا نہ ہونے سے کوئی فرق نہیں پڑتا، سرفرازاحمدبہترین کپتان ہیں اور امیدہے کہ وہ پاکستان کرکٹ کو مزید آگے لے جائیں گے۔